محبت۔۔۔!!
محبت تو تر ےکُرتے کا ٹوٹا وہ بٹن ہے
جس کو ہم نے جیب میں کچھ یوں چھپایا ہے
کہ جیسے کائناتی استعارہ ہو۔۔۔!!
محبت! آئینے سے جھانکتا وہ عکس ہے
جس کے ٹھٹھرتے ہونٹ پر مسکان نیلی پڑ گئی ہے۔۔۔
محبت تو درختوں کے کہیں اس پار
بجتی بانسری کا دُکھ بھرا وہ گیت ہے، جاناں
جسے سن کر بدن کا ایک اک ریشہ لرزتا ہے مرے اندر بکھرتا ہے۔۔۔!!
محبت تو پلک کی اوٹ سے لپٹا وہ آنسو ہے
جسے باہر کی دنیا میں نکلنے کا کوئی رستہ نہیں ملتا
کنارِ چشم لمحہ بھر ابھرتا ہے
لرزتاہے
پھر اس کے بعد واپس لوٹ جاتا ہے مرے اندر کی دنیا میں۔۔۔!!
محبت تو وہ نیکلس ہے
جسے رکھ کے کہیں تم بھول بیٹھی ہو
محبت وہ پرندہ ہے
جو اک دن شاخ سے اُڑ کے فلک کی نیلگوں حد سے پرے کی ایک دنیا میں گیا
اور پھر کبھی واپس نہیں آیا
مگر وہ شاخ اب تک تھرتھراتی ہے
مسلسل بین کرتی ہے۔۔۔!!
رائے دیجیے